نئی دہلی،22/جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا میں جمعہ کو 30 غیر سرکاری بل پیش ہوئے جن میں آرٹیکل 370 میں ترمیم اورگایوں کے تحفظ سے منسلک بل شامل ہیں۔آر ایس پی کے این کے پریم چندرن نے مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ -2005 میں ترمیم کے لئے غیر سرکاری بل پیش کیا۔ بی جے پی کے نشی کانت دوبے نے آئین کے آرٹیکل 370 میں ترمیم کے لئے ترمیمی بل 2019 پیش کیا۔دوبے نے گایوں کی تعداد کو مستحکم بنانے اور نام نہاد گؤ ہتیا پر قدغن لگانے کے لئے گو رکچھا بل -2019 ایوان میں پیش کیا۔ بندیل کھنڈ علاقہ میں پانی کا بحران اور آوارہ گایوں کے مسئلہ کو لے کر بی جے پی کے کنور پشپیندر سنگھ چندیل نے قرارداد پیش کی اور اس پر مباحثہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بندیل کھنڈ میں پانی کا مسئلہ دور ہو جائے تو دوسرے تمام مسائل ختم ہو جائیں گے۔